مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس: پی ایس آر پی سکولوں میں 5 ہزار نئے کلاس رومز بنانے کی منظوری

 مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس: پی ایس آر پی سکولوں میں 5 ہزار نئے کلاس رومز بنانے کی منظوری

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر کے پی ایس آر پی سکولوں میں 5 ہزار نئے کلاس رومز بنانے کی منظوری دے دی۔ اس فیصلے کا اعلان وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں کیا گیا، جس میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سکولوں کی تعمیر و مرمت کے لیے "ری والونگ فنڈز" قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، اور سرکاری سکولوں میں مطالعہ کی عادت کو فروغ دینے کے لیے موبائل بس لائبریری پراجیکٹ شروع کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

دوران اجلاس جنوبی پنجاب کے تین اضلاع میں جاری سکول میل پروگرام پر وزیراعلیٰ کو رپورٹ پیش کی گئی۔ حکام نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 3 ہزار 527 سکولوں میں ایک کروڑ 32 لاکھ سے زائد دودھ کے پیک تقسیم کیے گئے ہیں، جس سے 38 ہزار نئے طلبہ کی انرولمنٹ مکمل ہوئی۔ بچوں کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے، ان کے کیلشیم ٹیسٹ بھی لیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کو مزید بریفنگ میں بتایا گیا کہ پبلک سکول ری آرگنائزیشن پروگرام کے تحت انرولمنٹ میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور پی ایس آر پی فیز ون میں شامل 5 ہزار 675 سکولوں میں ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد نئے طلبہ نے داخلہ لیا۔ اس پروگرام کے تحت سکولوں میں اساتذہ کی حاضری میں 164 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں اساتذہ کی تربیت کے سات سیشن مکمل ہو چکے ہیں، اور سمارٹ کلاس ٹیکنالوجی کے ذریعے دور دراز علاقوں کے بچوں کو تعلیم دی جائے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں کا معیار اچھے پرائیویٹ سکولوں سے بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، اور طلبہ کی لرننگ کیپسٹی بڑھانے کے لیے نئی ماڈرن لیبز قائم کی جائیں گی۔

مصنف کے بارے میں