غزہ : غزہ اور جنوبی لبنان میں ہونے والی تازہ جھڑپوں میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق، جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے، جبکہ 8 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ اسی دوران غزہ کے علاقے جبالیہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق، غزہ میں اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 800 ہو چکی ہے، جن میں 28 فوجی حالیہ جبالیہ آپریشن کے دوران مارے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ، اسرائیلی فوج نے لبنان میں 100 سے زائد اہداف پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں 4 لبنانی فوجیوں سمیت کئی شہری شہید ہو گئے۔ غزہ کے جبالیہ اور رفح کے علاقوں میں اسرائیلی بمباری میں 20 سے زائد فلسطینی بھی شہید ہوئے ہیں۔
دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے غزہ کے کمال عدوان اسپتال کا محاصرہ کر لیا ہے اور ایمبولینسوں کا داخلہ بھی روک دیا ہے۔ اسپتال میں دواؤں اور خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے، جس سے مریضوں کی حالت مزید خراب ہو رہی ہے۔