ایون فیلڈ، العزیزیہ ریفرنس: سزا کیخلاف نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت آج ہو گی

09:44 AM, 21 Nov, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نواز شریف کی ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت دوپہر دو بجے کے بعد کرے گا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف سماعت کے دوران عدالت میں پیش ہوں گے جس کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری سرکلر میں اسلام آباد کی انتظامیہ اور آئی جی اسلام آباد کو سکیورٹی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سرکلر کے مطابق کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو اسلام آبادہائیکورٹ میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کمرہ عدالت میں داخلہ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری پاسز سے مشروط  ہوگا۔ نواز شریف کی قانونی ٹیم کے پندرہ وکلا جبکہ اٹارنی جنرل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مجموعی طور پر دس وکلا کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے تیس صحافیوں کو کمرہ عدالت میں داخلے کیلئے پاسز جاری کیے جائیں گے۔

 خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی دونوں ریفرنسز میں سزا کیخلاف اپیلیں عدم پیشی پر خارج کردی تھیں اور انہیں اشتہاری قرار دے دیا تھا۔ نواز شریف نے وطن واپس آکر اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں بحال کرنے کی درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے منظور کرلیا تھا۔ نواز شریف کی اپیلیں بحال ہونے کے بعد آج پہلی سماعت ہوگی۔

مزیدخبریں