لاہور: پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق عمر اکمل نے نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا کہ میں کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں مگر ٹیم انتظامیہ بغیر کسی وجہ کے مجھے نظرانداز کر رہی ہے۔
انہوں نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’چیئرمین سے چند چیزوں پر بات کرنا چاہتا ہوں، رمیز بھائی مجھے آپ سے ملنا ہے، میں کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔‘
جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ آپ قذافی سٹیڈیم کے کافی قریب رہائش پذیر ہیں تو وہاں جا کر ملاقات کر یں تو ان کا کہنا تھا کہ سٹیڈیم کے باہر گارڈز ہوتے ہیں، اگر انہوں نے روک لیا تو میری کیا عزت رہ جائے گی۔
واضح رہے کہ عمر اکمل کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران سپاٹ فکسنگ کی اطلاع نہ دینے پر معطل کیا گیا تھا جس پر کرکٹر نے معافی بھی مانگی تھی جبکہ انہیں تمام کرکٹ سرگرمیوں سے روک دیا گیا تھا۔
بعد ازاں عمر اکمل نے سزا مکمل ہونے کے بعد بحالی پروگرام میں شرکت کی اور جرمانہ بھی ادا کیا جس کے بعد 2021ءمیں انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی۔