اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں گنے کی پیداوار میں کمی کے خدشے کے باوجود چینی کی برآمددینے سے انکار کر دیا جبکہ وزارت خزانہ اور شوگر ملز حکام کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی تاہم یہ مذاکرات بے نتیجہ ختم ہو گئے۔ وزارت خزانہ حکام نے شوگر ایکسپورٹ کی اجازت نہیں دی جبکہ حکومت نے شوگر ملز کا چینی وافر مقدار میں ہونے کا دعویٰ بھی مسترد کر دیا ہے۔
نیشنل فورڈ سکیورٹی کے وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے سٹاک کی مجموعی صورتحال سے آگاہ نہیں کیا، سندھ میں 40 فیصد گنے کی پیداوار میں کمی کا خدشہ ہے، سٹاک کی صورتحال واضح نہ ہونے تک برآمد کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہ ہو کہ گنا کم پیدا ہو اور ہمیں چینی درآمد کرنی پڑ جائے، مہنگی چینی باہر سے درآمد کرکے کیسز بھگتنا نہیں چاہتے، جمعرات کو شوگر ملز ایسوسی ایشن سے دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔