لاہور: اوکاڑہ کی معروف سیاسی شخصیت سابق ایم این اے سید گلزار سبطین مرحوم کے بڑے بھائی سید گلزار حسنین اور بیٹے سید سلیمان حسنین نے ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ پنجاب سینیٹر کامل علی آغاسے اوکاڑہ کی معروف سیاسی شخصیت سابق ایم این اے سید گلزار سبطین مرحوم کے بڑے بھائی سید گلزار حسنین اور بیٹے سید سلیمان حسنین نے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہماری آزاد عدلیہ کے فیصلوں نے دنیا میں پاکستان کا وقار ہمیشہ بلند کیا ہے، خودمختار ادارے ہی جمہوریت کی ضمانت ہوتے ہیں، معاشرے میں امن و امان اور ترقی کیلئے معاشی خوشحالی بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری عدلیہ نے ہمیشہ میرٹ پر فیصلے کیے اور آزاد ریاست کو پروان چڑھنے میں معاون ثابت ہوئی، بروقت اور سستے انصاف کی فراہمی سے ہی معاشرے میں جرائم کو ختم کیا جا سکتا ہے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے نظریہ ریاست پر عمل کر کے ہی کامیاب معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے، آزادانہ اور شفاف الیکشن ہی معاشرے کی ترقی اور عوام کو بنیادی حقوق کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا مقصد عام اور غریب آدمی کو بروقت بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے، عام آدمی کی فلاح اور جرائم کے خاتمے کیلئے پیٹرولنگ پوسٹیں قائم کیں، فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کیلئے کنزیومر کورٹس کا قیام عمل میں لائے، عوام کو فوری اور مفت علاج کیلئے ایمرجنسی میں مفت ادویات مہیا کیں، فوری طبی سہولتوں کیلئے ریسکیو 1122 ایمبولینس سروس شروع کی، طلبہ کو مفت کتابیں اور طالبات کیلئے وظیفے مقرر کیے، یہ سب منصوبے فلاحی ریاست کے قیام میں معاون ثابت ہوتے ہیں جس کا عملی مظاہرہ ہمارا کامیاب دور حکومت تھا۔
سید گلزار حسنین نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کی عوام سے محبت اور خدمت کے جذبے سے متاثرہو کر پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔ سید سلیمان حسنین نے بلدیاتی الیکشن پاکستان مسلم لیگ کی ٹکٹ پر لڑنے کا عزم کیا۔