بلوچستان : ہرنائی میں 3 کان کنوں کا قتل

بلوچستان : ہرنائی میں 3 کان کنوں کا قتل
کیپشن: بلوچستان میں ہرنائی میں 3 کان کنوں کا قتل
سورس: فائل فوٹو

ہرنائی: بلوچستان میں ہرنائی کے علاقے زالاوان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 3 کان کنوں کو قتل کر دیا۔

ہرنائی ضلع کے ڈپٹی کمشنر سہیل ہاشمی نے بتایا کہ حملہ آور صبح کوئلے کی کان پر پہنچے اور کان کنوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 کان کن موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہلاک ہونے والی کان کنوں کا تعلق افغانستان کے شہر قندھارسے تھا۔ واقعے کے بعد لاشوں کی میڈیکو لیگل کارروائی کے لیے شاہرگ میں موجود ہیلتھ سینٹر پہنچایا گیا۔

پاکستان سینٹرل مائنز اینڈ لیبر فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل لالہ سلطان کے مطابق رواں برس صوبے میں تقریباً 104 کان کن جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ستمبر میں گیس لیکج کے واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے بھی بلوچستان کی کوئلے کی کانوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کام کی ناگفتہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔