ڈھاکا : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں قوانین کی خلاف ورزی پر پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو جرمانہ کردیا ہے۔
آئی سی سی کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے کوڈ آف کنڈکٹ کے لیول ون کی خلاف ورزی کی جس پر انہیں میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ تیسرے اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے بال کو تیز تھرو کیا جو عافیف حسین کے ٹخنے پر زور سے لگی تھی۔
گیند لگنے کے بعد عافیف تکلیف کی وجہ سے میدان میں لیٹ گئے، جس کے بعد ڈاکٹرز کو طلب کر کے معائنہ کرایا گیا۔ بعد ازاں ہنگامی طبی امداد کے بعد عافیف نے بیٹنگ کو جاری رکھا اور وہ 20 رنز بنا کر شاداب کی گیند پر کیپر کیچ آؤٹ ہوئے۔
میچ کے بعد شاہین شاہ آفریدی بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عافیف کے پاس گئے مصافحہ کر کے خیریت دریافت کی اور تھرو لگنے پر اُن سے معذرت بھی کی۔