نیب احتساب کا ادارہ نہیں بلکہ سیاسی انتقام کا ادارہ بن چکا ہے: شاہد خاقان عباسی

03:53 PM, 21 Nov, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب احتساب کا ادارہ نہیں بلکہ سیاسی انتقام کا ادارہ بن چکا ہے ۔ نیب احتساب کیلئے نہیں بلکہ سیاسی انجینئرنگ کیلئے ہے ۔

اپنے بیان میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب بیوروکریٹس کو کچھ نہیں کہتی ، نیب صرف سیاستدانوں کیلئے ہے ۔ نواز شریف کے کیسز کا جیسے فیصلہ ہوا سب کے سامنے ہے ۔ میں نے 3 سال نیب کی جیل میں گزارے ، مجھے پہلے منی لانڈر قرار دیا گیا ، پھر کہا گیا آپ منی لانڈر نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے غلط استعمال سے معاشرہ خرابی کی طرف جاتا ہے ۔ نیب کا قانون ان پر استعمال نہیں ہوا جنہوں نے اسے بنایا تھا ، نیب کو صرف سیاستدانوں پر ہی استعمال کیا جارہا ہے ۔ کیا اس احتساب نے پاکستان کو کچھ دیا ہے ؟ یہاں کسی بھی شخص پر الزام عائد کرکے اسے گرفتار کرلیا جاتا ہے ۔ احتساب میں بے گناہی ملزم کو ثابت کرنا پڑتی ہے ۔ احتساب آئین اور قانون کے تحت ہونا چاہئے ۔

لیگی رہنما نے کہا کہ نیب برسراقتدار لوگوں کیخلاف کارروائی نہیں کرتی ، سیاستدانوں کا پھر میڈیا پر ٹرائل کرایا جاتا ہے ۔ ہم کیا کر رہے ہیں اور کہاں جا رہے ہیں ؟ میں احتساب کیلئے حاضر ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ تجویز دی تھی کہ ججز کے تقرر سے پہلے 10 سال کا ٹیکس گوشوارہ لیا جانا چاہیے ۔ ججز وہ چیزیں کہتے ہیں جو ان کے فیصلوں میں نظر نہیں آتیں ۔

مزیدخبریں