کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں گیس قلت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل سے نجات کا واحد حل پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ ہے ۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے اور وزرا مناظروں کے چیلنج میں مصروف ہیں ۔ عمران خان عوام کیلئے مشکلات پیدا کر رہے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان گیس بحران کی وجہ سے ایک وقت کے کھانے کے لئے دربدر شہریوں سے معافی مانگیں ۔ اگر حکومت بروقت ایل این جی منگوالیتی تو آج یوں ملک میں گیس کی قلت نہ ہوتی ۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت کے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو آج مکمل کرلیا جاتا تو ملک کو توانائی کے بحران کا سامنا نہ ہوتا ۔ ایک جانب عمران خان نے گیس کی قیمتوں میں سینکڑوں فیصد اضافہ کیا تو دوسری جانب مہنگی گیس بھی عوام کی پہنچ سے دور کر دی ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ گیس بحران سے نمٹنے میں حکومتی نااہلی کی وجہ سے آج صنعتیں اپنے برآمدی آرڈرز تک پورے نہیں کر پا رہیں ۔