کراچی : پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ حالات کی وجہ سے دونوں ملکوں کے کئی فنکار اپنا ٹیلنٹ دکھانے سے محروم رہ گئے ہیں ۔ جیسا کہ پاکستان کی معروف ورسٹائل اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ان کو تین بھارتی فلموں میں اداکاری کی پیشکش ہوئی لیکن حالات کی وجہ سے انہوں نے یہ پیشکش ٹھکرا دی ۔
اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ اب تک تین بھارتی فلموں میں کام کرنے کی آفرز کو مسترد کرچکی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ
انہیں بھارتی فلم " دل دھڑکنے دو" میں انیل کپور کی اہلیہ کا کردار آفر ہوا تھا میں نے اس فلم کا سکرپٹ سنا حالانکہ اس سکرپٹ میں کچھ غلط فہمیاں ہوگئی تھیں ان کو درست کیا جاسکتا تھا لیکن وہ ملکی حالات کی وجہ سے اس فلم میں کام نہیں کرسکیں ۔ اس کے بعد ان کا کردار اس فلم میں اداکارہ شیفالی شاہ نے ادا کیا تھا ۔
بشری انصاری نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ چند سال قبل انہیں بھارت کے بڑے پروڈکشن ہاؤس کے تحت بننے والی فلم " کیسری " میں اکشے کمار کی ماں کے کردار کی آفر کی گئی یہ ماں ایک سکھ خاندان کی سربراہ تھی ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ہدایتکار کرن جوہر سے ابھی بات چیت چل رہی تھی کہ اسی دوران پلوامہ کا حملہ ہوگیا اور معاملہ لٹک گیا ۔
بشریٰ انصاری نے مزید بتایا کہ سال 2003 میں انہیں آرٹ مووی " خاموش پانی " کے لئے آفر ہوئی تھی لیکن اس وقت وہ اپنی بیٹی کی تعلیم اور دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے باعث فلم سائن نہ کرسکیں اور ان کا کردار بالی وڈ سٹار کرن کھیر نے کیا تھا ۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے فنکار ایکدوسرے کی فلموں میں کام کرنا چاہتے ہیں اور عوام کی بھی خواہش ہے کہ یہاں کے فنکار بھارت میں اور بھارتی فنکار پاکستانی فلموں میں ایک ساتھ کام کریں لیکن دونوں ملکوں کے درمیان حالات کب ٹھیک ہوں اور کب خراب ہوں ان تحفظات کی وجہ سے کئی پراجیکٹس مکمل نہیں ہوپاتے ۔
یاد رہے کہ تقسیم ہند کے بعد پاکستان کے فنکاروں نے پہلی مرتبہ جس بھارتی فلم میں کام کیا تھا اس کا نام " کلرک " تھا ۔ جس میں پاکستان کے ممتاز فنکار میاں بیوی محمد علی اورزیبا نے لیڈ رول ادا کئے تھے لیکن بھارتی اداکار اور پرڈیوسر منوج کمار نے ان کا کام فلم سے کٹ کردیا تھا ۔ جس کے بعد پاکستان کے کئی فنکاروں نے بھارت میں جاکر کام کرنے سے انکار کردیا۔ طویل عرصے کے بعد جب بھی دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر ہوئے تو کئی پاکستانی فنکاروں نے بھارت اور بھارتی اداکاروں نے پاکستان کا دورہ کیا ۔
پاکستان کا دورہ کرنے والے بھارتی فنکاروں میں شتروگھن سنہا، راج ببر ، رشی کپور، اوم پوری اور کئی دیگر شامل ہیں جبکہ بھارت کا دورہ اور ان کی فلموں میں کام کرنے والوں میں پاکستانی فنکاروں میں میرا ، وینا ملک ، مائرہ خان ، علی ظفر ( گلوکار ) اور کئی دیگر شامل ہیں جبکہ بھارتی فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگانے والوں میں غلام علی ، شوکت علی ، نصرت فتح علی خان، راحت فتح علی خان ، رفاقت علی ، شفقت امانت علی ،عاطف اسلم، علی ظفر وغیرہ شامل ہیں ۔