لاہور: پنجاب میں فضائی آلودگی اور سموگ کو کم کرنے کے لئے حکومت پنجاب نے اہم فیصلہ کرلیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر کے اختیارات میں اضافے کے ساتھ اینٹی سموگ سکواڈ کا دائرہ بڑھا دیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں فضائی آلودگی اور سموگ کی وجہ سے عوامی مشکلات بڑھ گئی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سموگ اورفضائی آلودگی کو کم کرنے کے لئے تجاویز مانگی گئی ہیں تاہم ایمرجنسی کے طورپر ڈپٹی کمشنر کے اختیارات کو بڑھا دیا گیا ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں جن کے تحت فیکٹریوں میں ٹائر اورفصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا ۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق اینٹی سموگ سکواڈ کی ٹیمیں اور ان کے دائرہ کار بڑھا دیئے گئے ہیں ۔محکمہ ماحولیات ، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سموگ کے حوالے سے ہمہ وقت چوکس رہیں ۔ اس کے علاوہ فضائی آلودگی اور سموگ کے حوالےسے عوام میں موثر آگاہی کے لئے مثبت مہم چلائی جائے ۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں انسانی زندگیوں کے تحفظ کے لیے اسموگ کو آفت قرار دیا گیا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ پی ڈی ایم اے میں اسموگ مانیٹرنگ سیل قائم ہے، لاہور میں 5 اینٹی اسموگ اسکواڈ تشکیل دے دیئے گئے ہیں ۔
یا د رہے کہ فضائی آلودگی میں لاہور کو متاثرہ ترین شہروں کی فہرست میں نمبرون قرار دیا گیا ہے جس کی وجہ سے اہل لاہور سانس آنکھ اور ناک کی کئی بیماروں میں گرفتار ہوچکے ہیں اور روز بروز کئی بیماریوں سے متاثر افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔