لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ 22 نومبر کو پشاور میں پی ڈی ایم کا جلسہ ضرور ہوگا جبکہ 30 نومبر ملتان اور 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سابق وزیرخزانہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ کورونا بیماری سے دو فیصد موت کا خطرہ جبکہ حکومتی کورونا سے100 فیصد موت ہے اور اب عوام کو فیصلہ یہ کرنا ہے کہ کس کورونا کا رسک لینا ہے۔
واضح رہے کہ پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے کے لئے تیاریاں جاری ہیں اور سٹیج بنانے کے لئے کنٹینرز جلسہ گاہ پہنچا دیئے گئے ہیں جبکہ سٹیج سے وی آئی پی موومنٹ کیلئے خصوصی راستہ بنایا جائےگا۔
خواتین پنڈال کے ارد گرد خاردار تاریں لگانے کا فیصلہ کیا گیا،سائونڈ سسٹم اور لائٹوں کے تنصیب کے لئے ڈی جے بٹ بھی پہنچ گئے جبکہ ڈیڑھ کلومیٹر تک ساو¿نڈسسٹم اور لائٹس نصب کرنے کاکہا گیاہے ۔
جلسہ گاہ میں تمام پارٹیوں کے پینا فلیکس اوربینرز لگائے گئے ہیں اور22 نومبر کو جلسے میں شرکت کرنے کےلئے بیشتر قائدین آج پشاور پہنچ جائینگے۔
پشاور انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو بتادیا تھا کہ کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ،اس لئے شہر میں جلسہ نہیں ہوسکتا۔
ڈپٹی کمشنر نے اعلامیہ جار ی کرتے ہوئے جلسے کی اجازت نہ دینے کی وجہ یہ بتائی کہ پشاور میں کورونا کیسز میں 13 فیصد اضافہ ہوا ،اس لیے ہرقسم کے عوامی اجتماعات پر پابندی ہے ،پی ڈی ایم نے موٹروے چوک میں جلسہ کرنا ہے ، جہاں ابھی صرف سیاسی جماعتوں کے فلیکس لگائے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے وار جاری ہیں اور یومیہ اموات اور نئے کیسز میں مسلسل اضافہ دکھائی دے رہا ہے جبکہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 42افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 7ہزار، 603 ہوگئی۔