اسد عمر نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو دوغلی جماعتیں قرار دے دیا

Asad Umar accused PML-N and PPP of duplicity
کیپشن: پشاور عمران خان کا شہر ہے.تصویر بشکریہ اسد عمر ٹوئٹر اکائونٹ

اسلام آباد:وفاقی وزیر اسد عمر نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو دوغلی جماعتیں قرار دیتے ہوئے  کہا ہے کہ مسلم لیگ نواز کی حکومت نے آزاد کشمیر میں 2 ہفتوں کے لئے مکمل لوک ڈائون اعلان کر دیا، پیپلزپارٹی سندھ حکومت نے کراچی کے چار اضلاع میں سمارٹ لوک ڈائون کر دیا، لیکن دونوں جماعتوں کا اصرار ہے کہ پشاور جلسہ ضرور ہو گا اور دوغلے پن کی اس سے واضح مثال نہیں مل سکتی۔


تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ 2013 میں تحریک انصاف نے پشاور کی 4 میں سے 4 اور 2018 میں 5 میں سے 5 سیٹیں جیتی۔ انشاءاللہ اگلے الیکشن میں بھی یہی ہونا ہے، پشاور عمران خان کا شہر ہے اور اپوزیشن جلسہ کر کے عوام کی صحت اور روزگار خطرے میں ڈالنے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں کرے گی،یہ شائد پشاور کے عوام سے بدلہ لینا چاہتے ہیں۔


واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے پشاور میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کی تیاریاں پورے زور و شور سے جاری ہیں جبکہ مقامی قیادت کے زیر اہتمام منعقد کے جانے والے جلسہ عام کے لئے کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں اور علاقہ پولیس کی جانب سے جلسہ انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کنٹینرز آج نہ لگائیں تا کہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے مطابق پی ڈی ایم کی جماعتوں کے حتمی فیصلے کے تحت پشاور میں 22 نومبر کو جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔