علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ ادا ،سعد رضوی تحریک لبیک کے نئے سربراہ بن گئے

09:05 AM, 21 Nov, 2020

لاہور:پاکستان تحریک لیبک کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی  نماز جنازہ  مینار پاکستان گراﺅنڈ میں ادا کردی گئی جبکہ  تحریک لبیک کے نئے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے صاحبزادے سعد رضوی بن گے جنہوں نے نئے امیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

علامہ خادم رضوی کی نماز جنازہ ان کے  صاحبزادے  حافظ سعد حسین رضوی  نے پڑھائی جس کے بعدانہیں مسجد رحمت العالمین سے ملحقہ مدرسہ ابوذر غفاری میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق  خادم حسین رضوی کی میت کو چوک سکیم موڑ، چوک یتیم خانہ، سمن آباد چوک، گندا نالہ سمن آباد، چوبرجی چوک، ایم اے او کالج چوک، سول سیکرٹریٹ چوک، پی ایم جی چوک، کچہری چوک، داتا دربار، آزادی فلائی اوور اور گریٹر اقبال پارک لایا جائے گا۔


خیال رہے کہ علامہ خادم حسین رضوی جو کہ انتقال کرگئے تھے جس پر وزیراعظم ،آرمی چیف ،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سمیت اہم شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔


علامہ خادم رضوی اپنے جوش خطابت کی وجہ سے بہت مشہور ہوئے ،جلسوں اور دیگر اجتماعات میں ان کی تقاریرسننے والے بھی پرجوش ہو جاتے تھے۔خود کو ختم نبوت کا چوکیدار کہلانے والے خادم حسین رضوی نے دوہزار سترہ  میں  جماعت کی بنیاد رکھی .

این اے 120 لاہور میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں سات ہزار ووٹ حاصل کر کے انہوں نے سب کو حیرت میں ڈال دیا جبکہ تحریک لبیک پاکستان نے 2018 کے عام انتخابات میں بھی حصہ لیا اور سندھ اسمبلی سے دو نشستیں حاصل کیں جبکہ مجموعی طور پر پورے ملک سے 22 لاکھ ووٹ حاصل کیے۔

مزیدخبریں