پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے سامنے اکاؤنٹ ڈکلیئر نہیں کیے، احسن اقبال

06:29 PM, 21 Nov, 2019

اسلام آباد: لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ اربوں کی خورد برد ناقابل معافی جرم، حکومت سوچی سمجھی سازش کے ذریعے الیکشن کمیشن کو کام سے روکتی رہی. 

تفصیلات کے مطابق ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنے 23 اکاؤنٹ ڈکلیئر نہیں کیے۔ قوم عمران خان سے ان کا حساب مانگ رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ بے نامی اکاؤنٹ پر خان صاحب قوم کو کیا جواب دیں گے؟ قوم کو بتایا جائے بھارت، امریکا اور مشرق وسطیٰ میں کس کس نے فنڈنگ کی؟ قوم جاننا چاہتی ہے کہ 23 اکاؤنٹ کیوں چھپائے گئے؟ نئے پاکستان کے نام پر اوورسیز پاکستانیوں سے ڈونیشن لی گئیں، ان کو کیسے استعمال کیا گیا؟

انہوں  نے کہا کہ اربوں روپے کی خورد برد ناقابل معافی جرم ہے، عمران خان کو اس کا حساب دینا پڑے گا۔ تحریک انصاف کے پرائیویٹ اکاؤنٹ میں ملین ڈالر کی ترسیلات ہوئی ہیں لیکن عدالت میں جا کر کہتے ہیں کہ ان اکاؤنٹ کی کسی قسم کی میڈیا کوریج نہیں ہونی چاہیے۔

لیگی رہنما نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف الیکشن کمیشن کو نامکمل کرکے مواخذے سے بچنا چاہتی ہے۔ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن پر مختلف قانونی ہتھکنڈوں کے ذریعے اثر انداز ہونے کی کوشش کی اور سازش کے ذریعے اسے آزادانہ کام کرنے سے روکتی رہی۔

گزشتہ پانچ سالوں سے فارن فنڈنگ کا کیس چل رہا ہے لیکن اسے مختلف حیلے بہانوں سے التوا میں رکھا گیا۔

مزیدخبریں