اسلام آباد:ملک بھر میں جشن عید میلاد النبیﷺ روایتی جوش وجذبے اور مذہبی عقیدت سے منایا جارہاہے ، چھوٹے بڑے تمام شہروں میں محافل میلاد ، جلوسوں اور ریلیوں کا انعقاد ، فرزندان اسلام حضور ﷺ کی مدح سرائی میں مشغول، فضائیں درود سلام کی صداﺅں سے معطر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ روایتی جوش و جذبہ اور مذہبی عقیدت سے منایا جارہاہے ، گلیوں اور محلوں کوبرقی قمقموں اور رنگی برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیاہے جبکہ اس موقع پر سرکاری اور نجی عمارتیں اور گلیاں محلے بھی جگمگا اٹھے ہیں ، برقی روشنیوں سے سجائی گئی مساجد اور گھروں میں خصوصی محافل کا انعقاد کیا جارہاہے جن میں فرزندان اسلام حضور اکرم ﷺ کی مدح سرائی میں مشغول اور درود سلام کے نذرانے پیش کررہے ہیں جبکہ بچوں اور بڑوں میں شرینی اور رنگا رنگ کھانے پکا کر تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔
اس موقع پر ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے بھی دعائیں کی جارہی ہیں اورہر زبان حضور اکرم ﷺ کی مدح سرائی میں مگن ہے ، ملک بھر کی فضائیں درود سلام کی خوشبوﺅںسے معطر ہیں ، ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں سے جشن میلاد کے سلسلے میں جلو س اور ریلیوں کا انعقاد کیاجارہاہے ۔ جشن عید میلا د النبیﷺ کا یہ سلسلہ آج رات تک جاری رہے گا اور فرزندان اسلام بارگاہ رسالت میں درود سلام کے نذرانے پیش کرتے رہیں گے ۔
ضرور پڑھیں: غیر ت کے نام پرخاتون کا قتل ، سپریم کورٹ نے قاتل اور مقتولہ کے شوہر کے درمیان راضی نامے کی رپورٹ طلب کر لی
دوسری جانب پنجاب بھر میں ہونے والی2ہزار سے زائد محافل اور 15سے زائد جلوسوں اور ریلیوں کی حفاظت کیلئے 57ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ صرف لاہور میں محافل میلاد اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے دس ہزار سے زائد پولیس اہلکار وں کوذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہے ۔ ترجمان پولیس کا کہناہے کہ جشن میلاد النبی ﷺ کی تقریبات کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔