اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے اراکین نے ثابت کر دیا کہ ایوان میں ان کا مقصد شریف مافیا کی کرپشن کو بچا نا ہے۔
نااہل شخص کے پارٹی سربراہ بننے پرپابندی کا بل قومی اسمبلی سے مسترد ہونے پر عمران خان کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آج کے معاملے سے قوم کو پیغام گیا کہ کرپٹ ہونے میں کوئی برائی نہیں، اخلاقیات جمہوریت کا بنیادی اصول ہے لیکن آج (ن) لیگ نے اس اصول کی نفی کرتے ہوئے اپنے لیڈر کو قانون سے بالا ثابت کرنے کی کوشش کی۔
عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ نااہلی کے باوجودنوازشریف کوپارٹی سربراہ برقرار رکھنے کی منظوری دی گئی،جمہوریت کا تماشا بنانے پر مسلم لیگ (ن)اراکین کے سر شرم سے جھک جانے چاہئیں۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں نااہل شخص کے پارٹی سربراہ بننے پر پابندی سے متعلق اپوزیشن کا بل کثرتِ رائے سے مسترد کردیا گیا۔رائے شماری میں بل کی مخالفت میں 168 جب کہ حق میں 98 ووٹ آئے۔