ہم نے پارٹی میں سے عمران خان کی بادشاہت ختم کرنی ہے : اکبر ایس بابر

04:34 PM, 21 Nov, 2017


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہاہے کہ مجھے خوف ہے کہ عمران خان کا انجام بھی رابرٹ موگابے جیساہوگا،ہم نے عمران خان کی بادشاہت پارٹی میں سے ختم کرنی ہے، عمران خان کا انصاف سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ، وہ پارٹی فنڈنگ کیس سے نہیں بھاگ سکتے ،ڈیرہ اسماعیل خان میں یتیم بچی کو بے پردہ کیا گیا، عمران خان نے ابھی تک اس بچی کے سر پردوپٹہ نہیں ڈالا ،عمران خان تم کس مرض کی دوا ہو، تم وہاں کیوں نہیں پہنچے۔


میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کیس سے چھپ رہے ہیں، یہ کیس میں 14نومبر کو فائل کیا تھا،3سال سے زیادہ عرصہ گزرگیا ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا کام عوام اور پاکستان کو انصاف دینا تھا، وہ انصاف سے بھاگ رہے ہیں، غیر قانونی طور پر ہنڈی کے ذریعے پیسہ آیا اور اربوں روپے کی خرد برد ہوئی ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے688صفحات سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے، اوروہی الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے ہیں، وہ کاغذات جعلی ہیں،پی ٹی آئی کی طرف سے غیر ملکی فنڈنگ کی کوئی تفصیلات نہیں پیش کی گئی۔


اکبر ایس بابر نے کہا کہ حسب ماضی تحریک انصاف کی جانب پھر الیکشن کمیشن کوکہا گیاکہ آج کی کاروائی کو موخر کیا جائے۔ ایک طرف تو تحریک انصاف ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کی کاروائی کو چیلنج کررہی ہے، اور دوسری طرف مطالبہ کررہی ہے کہ الیکشن کمیشن دوسری سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کا بھی جائزہ لے،انھوں نے کہا کہ غیر قانونی فنڈنگ سے قومی سلامتی خطرے میں پڑتی ہے، پیسوں کی جانچ پڑتال ہونی چاہیے، تین سال میں سبق سیکھا ہے کہ عمران خان کا انصاف سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ،اگروہ سچے ہوتے تو تاخیر نہ کراتے وہ چور ہیں،وہ اس کیس سے نہیں بھاگ سکتے، ہم مزید انتظار کرنے کے لیے تیار ہیں۔

مزیدخبریں