بگ باس میں گونجنے والی آواز آخر کس شخصیت کی ہوتی ہے ؟راز سے پردہ اٹھ ہی گیا

08:31 AM, 21 Nov, 2017

ممبئی: بھارتی رئیلٹی شو ’بگ باس ‘ نے کئی سالوں سے کروڑوں لوگوں کو اپنا گرویدہ بنا رکھاہے اور شائقین بگ باس شو کے دوران گونجے والی آواز ’بگ باس چاہتے ہیں کہ‘ کے حوالے سے کافی تجسس میں مبتلا رہتے تھے کہ آخر یہ کس کی آواز ہے تاہم اب یہ معمہ حل ہو گیاہے اس شخصیت کے نام کے ساتھ ساتھ اس کی تصویر بھی سامنے آ گئی ہے ۔


بھارتی ٹی وی کے کامیاب ترین رئیلٹی شو بگ باس کا 11واں سیزن نشر ہورہا ہے اور کروڑوں لوگ اس کے گرویدہ ہیں، شو کے ہر سیزن میں کردار بدلتے رہتے ہیں، کبھی کبھار اس کے میزبان بھی تبدیل ہوجاتے ہیں لیکن ایک آواز کبھی بھی نہیں بدلی اور وہ ہے بگ باس کی۔50 برس کے اتل کپور بگ باس کے پہلے سیزن سے ہی منسلک ہیں، بگ باس کے گھر میں اتل کپور کا ایک الگ کمرہ ہے جہاں سے وہ گھر والوں کی حرکتوں پر نظر رکھتے اور انہیں ہدایات جاری کرتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ بگ باس کے گھر میں رہنے والے کئی افراد ناصرف اتل سے مل چکے ہیں بلکہ ان کے ساتھ اچھا خاصا وقت بھی گزار چکے ہیں۔


اتل کپور نے 2002 میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا لیکن یہ بات بھی بہت کم لوگ ہی جانتے ہیں کہ بھارت سمیت ان ممالک میں جہاں ہندی اور اردو سمجھی جاتی ہے ، وہ کئی ہالی ووڈ فلموں کی کامیابی کی وجہ بھی بنے ہیں کیوں کہ انہوں نے کئی سپر ہیروز کے مکالموں کو ہندی میں ڈھالا ہے۔

مزیدخبریں