پشاور: جمعیت علمائے اسلام (س )کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور جے یو آئی (س ) کا انتخابی اتحاد ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ انتخابی اتحاد کی تفصیلات طے ہونا باقی ہیں۔
مولانا سمیع الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ اتحاد سے 2018ء کے انتخابات میں تحریک انصاف کو فائدہ ہو گا۔ کہتے ہیں ایم ایم اے بظاہر فضل الرحمان اور سراج الحق کا دو جماعتی اتحاد ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر پرویز خٹک بھی موجود تھے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے اقدامات کی تائید پر سمیع الحق کے مشکور ہیں اور دونوں جماعتوں میں قومی ایشوز اور مسائل پر ہم آہنگی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرپٹ عناصر کی موجودگی تک ترقی کی راہ پر کامیابی ممکن نہیں۔
جے یو آئی س کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کے اقدامات کو تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ اس سے پہلے عمران خان مولانا سمیع الحق کے مدرسے کے لیے سرکاری امداد کا اعلان کر چکے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں