سلام آباد : آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے الوداعی دوروں کے آغاز کے بعد سے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ان کے حق میں عوام اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں جب کہ پاک فوج کے سربراہ کئی گھنٹوں سے پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹریند بنے رہے۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنی قیادت میں پاک فوج کو دنیا کی اولین فوج کی صف میں لاکھڑا کیا اوران کی خدمات کی تعریف صرف ملک میں ہی نہیں بلکہ بین القوامی سطح پر بھی کی جارہی ہے جب کہ اس دوران انہیں مختلف اعزازات سے بھی نوازا گیا۔
آرمی چیف کے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے ان سے یہ فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی گئی جب کہ ملک کے مختلف شہروں میں جنرل راحیل شریف سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے کے لیے بینرز بھی آویزاں ہوئے تاہم مستقل مزاج جنرل راحیل شریف نے اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہوئے جیسے ہی الوداعی ملاقاتوں کا آغاز کیا تو ملک بھر میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہوگیا اور اسی دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی عوام نے اپنے سپہ سالار کے حق میں دل کھول کر تعریفی کلمات کہے۔اسفند یار بھٹانی نے اپنی ٹوئٹ میں جنرل راحیل شریف کی ایک تصویر شیئر کی جس میں ایک بزرگ انہیں ماتھے پر بوسہ دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس تصویر سے واضح طور پر ظاہر ہورہا ہے کہ آرمی چیف اور عوام میں کیسا رشتہ ہے۔
احتشام احمد نے اپنی ٹوئٹ میں میں کراچی سے دہشت گردی کے خاتمے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گے۔ثناہنزئی کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف کا سب سے یادگار اقدام احتساب کا وہ عمل رہے گا جو انہوں نے اپنے ادارے سے شروع کرکے دکھایا۔مظہر محمود کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف نے نئے آنے والی آرمی چیف کے لیے ایک مثال قائم کی ہے کہ سیاسی ماحول جتنا بھی گرم رہے، ہم نے اپنا کام کرنا ہے۔اقرا عثمانی نے جنرل راحیل شریف کی تصویر کے ساتھ ان کا ایک بیان بھی شیئر کیا جس میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔جبی خان کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف کی کامیابی کا اصل راز پاک فوج کے ادارے کو سیاست سے دور رکھنا تھا۔فرخ السلام نے اپنی ٹوئٹ میں آرمی چیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سر آپ نے ہمیں سکھایا کہ حالات جتنے بھی مشکل ہوں ہمیں اپنا کام ایمانداری اور محنت سے کرنا چاہیے۔مریم جمالی کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ہر محب وطن پاکستانی کے دل میں رہیں گے۔احسن رزاق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ محبت پانے والے جنرل ہیں جب کہ انہوں نے پاکستان کو امن کی طرف لے جانے پر آرمی چیف کا شکریہ بھی ادا کیا۔واصف ادریس نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ مجھے فخر ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا سپاہی ہوں.