اسلام آباد : وزارت پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں۔ ملکی اور دفاعی ضروریات کیلئے ملک بھرمیں پیٹرولیم مصنوعات کے دوہفتوں سے زائدعرصے کیلئے ذخائر موجود ہیں۔ترجمان وزارت پٹرولیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی قلت نہیں ملک میں اس وقت دولاکھ پچیس ہزارٹن سے زائد پٹرول کے ذخائر تیرہ دنوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے دستیاب ہیں، جبکہ اس کے علاوہ دوجہازپیٹرول اتارنے کیلئے بندرہ گاہ پرکھڑے ہیں اور دومزید جہازپیٹرول لے کر رات پہنچ رہے ہیں۔
وزارت پٹرولیم کے ترجمان کے مطابق ملک میں ڈیزل کے چارلاکھ سڑسٹھ ہزارٹن کے ذخائرموجود ہیں۔ جوملک کی سترہ دنوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے کافی ہیں۔ اس وقت تین جہازبندرگاہ پرڈیزل اتارنے کیلئے موجود ہیں، جبکہ فرننس آئل کے سات لاکھ انسٹھ ہزارٹن کے ذخائرستائیس روزکی ضروریات پوری کرنے کیلئے دستیاب ہیں۔ کیماڑی پورٹ پرایک آئل پیئراس سال اگست کے وسط سے اکتوبر کے آخرتک خراب رہا، تاہم اس کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں کوئی تعطل نہیں آیا.