جلال پور جٹاں: پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کی ٹانگیں کھینچنے والوں کو پاکستان کے باشعور عوام بحیرہ عرب میں پھینک دیں گے۔ بعض عناصر کو سی پیک ، گوادر اور بجلی کی پیداوار کے بڑے منصوبوں کی تکلیف ہے لیکن عوام جانتے ہیں کہ 126 دن تک اسلام آباد کو یرغمال بنانے والوں کو سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن کے سامنے شرمندگی اُٹھانا پڑے گی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ اب پانامہ لیکس کے معاملے پر بھی نیازی اینڈ کمپنی کو کچھ حاصل نہیں ہوگا اور اُن کے دئیے گئے ثبوتوں کے کاغذوں میں لوگ کل کو جلیبیاں اور پکوڑے کھائیں گے۔ حمزہ شہباز نے ضلع گجرات میں جلال پور جٹاں کو تحصیل کا درجہ دینے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے آغاز اور افتتاح کے موقع پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے مکمل آپریشنل ہونے کے بعد ملک میں نئے دور کا آغاز ہوگا۔ جبکہ احتجاج کرنے والے واویلا کرتے رہ جائیں گے ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ضمنی و بلدیاتی انتخابات میں شیر بازی لے جاتا ہے جبکہ بلّے والے کہیں نظر نہیں آتے۔ اُنہوں نے کہا کہ گجرات شہرکا وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم رہنے کے باوجود اس علاقے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا اور اسے پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے مشرف کو 10 مرتبہ وردی میں صدر بنانے کا اعلان کرکے خود پنجاب بنک میں اربوں روپے کا ڈاکہ ڈالا ۔ اُنہوں نے کہا کہ گجرات کے عوام نے 2013 میں دل کھول کر مسلم لیگ ن کو ووٹ دیے اور اب ہم لوگوں سے کیے وعدے پورے کرتے ہوئے اُن کے مسائل حل کر رہے ہیں۔
حمزہ شہباز نے جلال پور جٹاں میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا اعلان کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں 2018 تک لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ سمیت تمام مسائل حل ہونگے۔ حمزہ شہباز نے گجرات میں ٹراما سینٹر، شبیر شریف شہید ہسپتال میں ڈائیلسز سنٹر، شاہین چوک اور شہباز شریف پارک کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہارکیا۔ حمزہ شہباز نے جلال پور جٹاں کے قریب 5 ارب روپے کی لاگت سے شہباز پور پل کی تعمیر مکمل کرنے کا بھی اعلان کیا۔ PP-104 سے ممبر قومی اسمبلی نوابزادہ مظہر علی خان نے سپاس نامہ پیش کیا۔ جبکہ طاہر الملک نے حمزہ شہباز کو گجرات کی روایتی چادر پہنائی۔ مسلم لیگی کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے حمزہ شہباز کا والہانہ استقبال کیا جبکہ خواتین کی بڑی تعداد بھی جلسہ گاہ میں موجود تھی۔