اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حز ب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ راحیل شریف نے تاریخی دور گزارا ہے. نئے آرمی چیف کا تقرر کرنے کیلئے سینیر ترین افسر کو آرمی چیف کا عہدہ دیا جائے، جب کہ سینیر افسر کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی لگایا جائے۔ ایک انٹرویو میں خورشید شاہ نے آرمی چیف کی رخصتی اور نئے آرمی چیف کے تقرر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے تاریخی دور گزارا. راحیل شریف نے بہت سے چلینجز کا مقابلہ کیا. راحیل شریف باوقار انداز میں رخصت ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف غیر متنازعہ سربراہوں میں شامل ہیں۔
قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے انتہائی صلاحیت اور شاندار طریقے سے پاک فوج کو کمانڈ کیا ہے اور وہ ان چند سپہ سالاروں میں سے ہیں کہ جنہوں نے ملک و قوم کیلئے ایک عالی ہمت، بلند نظر اور ولولہ انگیز سپہ سالار کے طور خدمات سر انجام دیں مگر وہ اپنی ذاتی حیثیت میں کبھی بھی کسی رعایت کے خواہاں نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی یہی خوبیاں دیکھتے ہو ئے میں نے ہمیشہ کہا کہ وہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے اور اپنے وقت پر ریٹائر ہوں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ وہ کسی نہ کسی طرح ملک و قوم کی خدمت جاری رکھیں۔ نئے سپہ سالار کی تقرری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سنیئر ترین کی تقرری ہی بہتر اصول ہے اور اس اصول کو اپنا کر ہم اچھی روایت کی بنیاد رکھ سکتے ہیں اور اس سے ادارے کا مورال بھی بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنرل راحیل شریف کے اقدامات کا تسلسل ضروری ہے اور اسی طریقے سے ہم ملک دشمنوں اور دہشت گردوں سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔سینیر ترین افسر کو آرمی چیف کے عہدے پر ترقی دی جائے، نئے آرمی چیف کے تقرر پر خورشید کا کہنا تھا کہ سینیر افسر کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی لگایا جائے، ایسا کرنے سے فوجی افسران کا مورال بلند ہوگا۔