فیس بک پر جعلی خبروں کی اشاعت روکنے کے لیے نیا منصوبہ تیار

کچھ دنوں قبل فیس بک پر غلط خبروں کے معاملے پر تنازع کھڑا ہوا تھا

06:35 PM, 21 Nov, 2016

نیو یارک: فیس بک کے سربراہ مارک زکر برگ نے فیس بک پر جعلی خبروں کی اشاعت روکنے کے لیے نیا منصوبہ تیار کرلیا ،ان کا کہنا ہے کہ نئی منصوبہ سازی سے کسی حد اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دنوں قبل فیس بک پر غلط خبروں کے معاملے پر تنازع اس وقت کھڑا ہوا تھا جب بعض صارفین نے کہا کہ فیس بک پر پھیلنے والی غلط خبریں امریکی صدارتی انتخاب کے نتائج پر اثر انداز ہوئی ہیںجس پر مارک زکربرگ نے غلط خبروں کو سنجیدگی سے لینے اور ان کی اچھی طرح سے جانچ اور تصدیق کرنے پر زور دیا ہے۔فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم اس مسئلے پر کافی عرصے سے کام کر رہے ہیں اور ہم اپنی اس ذمہ داری کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مسائل فلسفیانہ اور تکنیکی دونوں نقطہ نظر سے کافی پیچیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی طرح کی رائے کے شیئر کرنے کی حوصلہ شکنی نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی سچ کا ثالث بننا چاہتے ہیں۔

مارک زکربرگ نے کہا کہ فیس بک غلط خبروں کو روکنے کے لیے معلومات کا اچھی طرح سے پتہ لگانے اور تصدیق کرنے سمیت، ایسی سات تجاویز پر بڑی محنت سے کام کر رہا ہے۔اس کے تحت غلط خبروں پر جعلی مواد کا وارننگ لیبل لگانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔اس سے قبل زکربرگ نے فیس بک پر جعلی خبروں پر ہونے والی تنقید کے جواب میں کہا تھا کہ ان کی نظر میں 99 فیصد مواد صحیح تھا۔فیس بک نے ان الزامات کو بھی مسترد کر دیا تھا کہ ان کے پلیٹ فارم کے ذریعے صدارتی انتخاب سے قبل جعلی خبریں پھیلائی گئی تھیں۔فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اس تنقید کا بھرپور دفاع کیا تھا کہ فیس بک پر پھیلائی جانے والی جعلی خبروں سے ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات میں مدد ملی تھی۔

مزیدخبریں