لاہور: گلبرگ کے علاقہ جام شیریں پارک کے قریب وحشیانہ تشدد کر کے نوجوان کو قتل کرنےو الا معروف اداکار دیدار کا شوہر حمزہ بھٹی اور ایک مذہبی رہنما کا بیٹا محمود زوار کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق تین روز قبل گلبرگ کے علاقہ کبوتر پورہ کے رہائشی غیر معروف ماڈل حسن کو کار سوار ملزمان نے جام شریں پارک کے قریب گاڑی روک کر تشدد کا نشانہ بنا یا تھا، ملزمان اس کا موبائل فون بھی لے گئے تھے۔ زخمی حالت میں حسن کو ا سپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔ مقتول کے کزن اسلم پرویز کے بیان پر گلبرگ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کی تو ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزمان گاڑی نمبرLEC-777 پر فرار ہوئے تھے۔
گاڑی کا ریکارڈ نکلوایا تو وہ ڈیفنس کے رہائشی سلمان کے نام نکلی پولیس نے اسے حراست میں لیا تو اس نے بتایا کہ اس نے دو سال قبل یہ گاڑی حمزہ علی بھٹی کو فروخت کر دی تھی جوکہ اداکارہ دیدار کا شوہرہے۔ پولیس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ حمزہ علی بھٹی کو بچانے کیلئے اس کے کئی سفارشی میدان میں آگئے ہیں لیکن انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق جلد ہی حمزہ علی بھٹی کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ملزمان نے حسن کو گاڑی اوورٹیک کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔