اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاعر احمد فرہاد کو چار دن میں بازیاب کرانے کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے لاپتا شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کیس کی سماعت کی۔اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کی یقین دہانی کرا دی جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ تک کے لئے ملتوی کردی۔
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور اعوان نے کہا کہ میں ذمے داری لیتا ہوں کہ احمد فرہاد کو ریکور کریں گے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ آپ نے یقینی بنانا ہے کہ اسلام آباد سے کوئی بندا اٹھایا نہیں جائے گا، اگر بندا ریکور نہیں ہو گا تو یہ ریاست کی ناکامی ہو گی۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں یقین دہانی کروا رہا ہوں جو وسائل ہیں وہ استعمال میں لائیں گے، مجھے مغوی کی بازیابی کے لیے وقت دیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل جو بیان دے رہے ہیں کیا وہ وفاقی حکومت کی مشاورت سے دے رہے؟
وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ ہمیشہ سے ایسے ہوتا ہے کہ یہ بندا اٹھاتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ ہمارے پاس نہیں، اٹارنی جنرل یہ بتائیں کہ پچھلے 6 دن میں بازیابی سے متعلق کیا پراگریس ہے، اگر ایجنسیوں کے پاس نہیں ہے تو کم از کم مغوی کو ٹریس تو کیا جاسکتا ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے اٹارنی جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس محسن اختر کیانی کی ریما رکس اٹارنی جنرل صاحب آپ سے بڑی امیدیں ہیں، چیزوں کو بگاڑ کی طرف نہ لے جائے۔اس معاملے نے آپ کو اور مشکل میں ڈال دیا۔
بعد ازاں عدالت نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے اٹارنی جنرل کو جمعے تک کا وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔