ایرانی صدر کی نماز جنازہ آج، تدفین آبائی شہر میں جمعرات کو ہوگی

10:30 AM, 21 May, 2024

نیوویب ڈیسک

تہران: ہیلی کاپٹر حادثے میں اپنے ساتھیوں سمیت جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ امیر حسین عبدالہیان کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی جبکہ ایرانی صدر کی  تدفین جمعرات کی شام ان کے آبائی شہر مشہد میں کی جائے گی۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سمیت ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی جس کے بعد ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی میت کو تہران لے جایا جائے گا، اس کے بعد ایرانی صدر کو جمعرات کی صبح جنوبی خراسان صوبے اور بعد ازاں ان کے آبائی شہر مشہد لے جایا جائے گا، جہاں آخری رسومات کے بعد جمعرات کی شام ان کو امام علی رضا کے روضہ کے احاطہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایران میں 5 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے صدر کیساتھ وزیر خارجہ امیر حسین عبدالہیان، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے نمائندے سید محمد الہاشم، مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی، تبریز کے امام سید محمد الہاشم، صدر کے سکیورٹی کمانڈر سردار مہدی موسوی، پائلٹ کرنل سید طاہر مصطفوی، پائلٹ کرنل محسن دریانوش اور میجر بہروز بھی سوار تھے جو جام شہادت نوش کر گئے۔

علاوہ ازیں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای بدھ کی صبح سے شروع ہونے والے بڑے جلوسوں سے قبل منگل کی رات تہران میں ایک تعزیتی تقریب میں نماز ادا کریں گے۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے ایرانی صدر کے انتقال پر  تعزیتی پیغام میں کہا کہ سید ابراہیم رئیسی مجاہد عالم اور عوامی صدر تھے، اس عظیم شخص نے ذمہ داری سنبھالی، خود کو لوگوں، ملک اور اسلام کیلئے وقف رکھا۔ ایرانی قوم جاں نثار اور مخلص شخصیت سے محروم ہوگئی۔ابراہیم رئیسی کیلئے عوام کی خدمت ہر چیز سے بالاتر تھی، بعض بدخواہوں کے طنز بھی انہیں امور بہتر کرنے سے نہ روک سکے۔

آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ آیت اللّٰہ آل ہاشم نماز جمعہ کے محبوب اور قابل احترام پیش امام تھے اور عبداللہیان محنتی اور فعال وزیر خارجہ تھے، مالک رحمتی مشرقی آذربائیجان کے انقلابی گورنر تھے۔سپریم لیڈر نے کہا کہ وہ ابراہیم رئیسی کی قابل احترام والدہ کو دلی تعزیت پیش کرتے ہیں اور ابراہیم رئیسی کی نیک و عظیم اہلیہ کو بھی دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔

آیت اللّٰہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ وہ آل ہاشم کے انتہائی محنتی والد کو بھی دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اہل خانہ کے لیے صبر اور مرحومین کی ارواح کیلئے اللّٰہ کے رحم کی دعا کرتے ہیں۔

ایران کے صدر کیساتھ وزیر خارجہ امیر حسین عبدالہیان، ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے نمائندے سید محمد الہاشم، مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی، تبریز کے امام سید محمد الہاشم، صدر کے سکیورٹی کمانڈر سردار مہدی موسوی، پائلٹ کرنل سید طاہر مصطفوی، پائلٹ کرنل محسن دریانوش اور میجر بہروز بھی سوار تھے جو جام شہادت نوش کر گئے۔

مزیدخبریں