اسلام آباد: پاکستان نے ایران میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان نے ایران کے علاقے سروان میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے بیان جاری کیاگیا ہے اس بیان کے مطابق پاکستان 20 مئی 2023 کو ایران کی سروان کاؤنٹی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے جس میں 6 سیکورٹی اہلکار شہید ہوئے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے پاکستان کی حکومت اور عوام اس المناک واقعے پرسوگوار خاندانوں کے ساتھ ساتھ ایرانی حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ترجمان نے کہا وزیراعظم پاکستان اور ایران کے صدر کے درمیان حالیہ ملاقات کے دوران اس بات کا اعادہ کیا گیا تھا کہ دونوں ممالک سرحد کے دونوں طرف دہشت گردی کے خاتمے کے لیے باہمی کوششوں پر متفق ہیں۔