لاہور:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کینسر کے مریض فردوس شمیم نقوی کو زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے وہ کس قدر پستی کا شکار ہیں۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ فردوس شمیم نقوی 27 سال قبل میرے ہمسفر اور پاکستان کو ایک منصفانہ اور انسانی اقدار پر مبنی سماج کی صورت میں ڈھالنے کے خواب میں میرے شراکت دار بنے۔
سابق وزیراعظم نے کہا فردوس شمیم نقوی نے جدوجہد کے تمام نشیب و فراز کا پوری ثابت قدمی سے سامنا کیا اور ایمان کی پختہ بنیادوں پر استوار مضبوط کردار ہی تھا جو بہت سی مایوسیوں کے باوجود ثابت قدمی کا وسیلہ بنا۔
و ہ کینسر کے مرض سے شفایابی کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے اپنے مرض کا بھی پورے وقار اور ہمت سے مقابلہ کیا، ایسے شخص کو دہشتگردی کے الزام میں زندان میں ڈال کر اہلِ اقتدار نے ظاہر کیا ہے کہ کس قدر پستی کے شکار ہیں۔