لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ذاتی گھر زمان پارک کے سیل ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔ اگر عمران خان نے لگژری ٹیکس کی مد میں 14 لاکھ 40 ہزار روپے کا ٹیکس 22 مئی تک جمع نہ کروایا تو 23 مئی کو عمران خان کا گھر سربمہر کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے عمران خان کو ٹیکس کی ادائیگی کے لئے حتمی نوٹس جاری کردیا ہے جس میں عمران خان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 22 مئی تک اپنے ذمہ واجب الادا لگژری ٹیکس جمع کروا دیں وگرنہ ان کا گھر سربمہر کر دیا جائے گا۔
اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کا کہنا ہے کہ چونکہ رواں مالی سال ختم ہونے کو جارہا ہے جبکہ محکمہ ایکسائز پنجاب لگژری ٹیکس کی مد میں اب تک ٹیکس ہدف کا 94 فیصد وصول کرسکا ہے، اس لئے اس مد میں رواں مالی سال کا ہدف پورا کرنے کے لئے تمام نادہندگان کو ختمی نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔