کراچی : کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں جانوروں کی تصاویر بنا کر نیوٹرل لکھنے والےسابق رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے خلاف گلشن اقبال تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر سرکار مدعیت میں درج کی گئی جس میں ریاست اور ریاستی اداروں کی تضحیک کرتے ہوئے اشتعال انگیزی پھیلانے اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
کراچی کے گلشن اقبال تھانے میں پی ٹی آئی کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ایس ایچ او گلشن اقبال اشرف جوگی کی مدعیت میں درج کی گئی ۔ ایف آئی آر میں ریاست اور ریاستی اداروں کی تضحیک کرتے ہوئے اشتعال انگیزی پھیلانے اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق گلشن اقبال بلاک 6 میں دیوار پر وال چاکنگ کی گئی ہے ،وال چاکنگ میں جانور بنائے گئے اور ایک خاتون کے ہاتھ میں ترازو دکھایا گیا، ترازو کے ایک پلڑے میں پاکستان کا نقشہ اور دوسرے میں ڈالر دکھائے گئے۔ نقش میں ایک یونیفارم پرسن بھی بنایا گیا۔ وال چاکنگ کے ذریعے اعلی عدلیہ اور ملکی حساس ادارے کی کردار کشی کی گئی ۔
سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی نشر کی گئی ہے،ویڈیو میں وال چاکنگ کے ہمراہ عالمگیر خان اور 4/5 نامعلوم افراد ساتھ ہیں ،اس عمل کا مقصد افسران اور جوانوں میں اشتعال انگیزی ،بے یقینی اور مایوسی پھیلانا تھا۔