نواز شریف لندن میں محفوظ نہیں تو فوراً واپس آنا چاہئے، یہاں جیل میں مکمل سیکیورٹی ملے گی: شہباز گل

10:15 PM, 21 May, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ نواز شریف اگر لندن میں محفوظ محسوس نہیں کر رہے تو انہیں فوراً واپس آنا چاہئے، یہاں جیل میں مکمل سیکیورٹی ملے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے نواز شریف پر حملے کے ردعمل پر کی گئی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا ’اللہ محفوظ رکھے۔ حیرانی کی بات ہے کہ وہ خود لندن گئے اور واپس آنے کو تیار نہیں اور اب وہاں ان کی سیکیورٹی ذمہ داری آپ اپنے سیاسی مخالفین پر ڈال رہی ہیں۔ اب بھی وقت ہے اگر آپ کے والد لندن میں محفوظ محسوس نہیں کر رہے تو انہیں فوراً واپس آنا چاہئے، یہاں جیل میں مکمل سیکیورٹی ملے گی۔‘ 


قبل ازیں مریم نواز شریف نے لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف پر حملے کی کوشش کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’نواز شریف کی زندگی کے ساتھ دوران حراست کھلواڑ کرنے والے اب تک باز نہیں آئے۔ نواز شریف کا مقابلہ اس سوچ سے ہے جس نے میری بیمار والدہ کی تصویریں بنانے کی کوشش کی، ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑا اور آج پھر نواز شریف پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی، خدا کسی کو کم ظرف اور بزدل دشمن نہ دے۔‘ 


واضح رہے کہ لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف پر نامعلوم نقاب پوش افراد نے حملے کی کوشش کی تاہم پولیس کو طلب کئے جانے پر چاروں حملہ آور فرار ہو گئے جبکہ لندن پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق سنٹرل لندن میں ماربل آرچ کے علاقے میں واقع حسن نواز کے دفتر میں نقاب پوش افراد نے اس وقت داخل ہونے کی کوشش کی جب سابق وزیراعظم نواز شریف وہاں موجود تھے جبکہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور عابد شیر علی بھی ان کے ساتھ تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نقاب پوشوں نے دفتر کی سیڑھیوں پر حسن نواز کو دھمکیاں دیں اور دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم نواز شریف کے گارڈز اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں ناصر بٹ ، عابد شیر علی اور دیگر نے باہر آ کر حملہ آوروں کو روکا، اور جیسے ہی پولیس کو طلب کیا گیا تو چاروں حملہ آور فرار ہو گئے۔ 

مزیدخبریں