لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف پر نامعلوم نقاب پوش افراد نے حملے کی کوشش کی ہے۔ پولیس کو طلب کرنے پر چاروں افراد فرار ہو گئے جبکہ لندن پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سنٹرل لندن میں ماربل آرچ کے علاقے میں واقع حسن نواز کے دفتر میں نقاب پوشوں نے داخلے کی کوشش کی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف دفتر کے اندر موجود تھے اور نقاب پوشوں نے دفتر کی سیڑھیوں پر حسن نواز کو دھمکیاں دیں ۔
اسحاق ڈار عابد شیر علی بھی دفتر میں موجود تھے تاہم نواز شریف کے گارڈز اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں ناصر بٹ ، عابد شیر علی اور دیگر نے باہر آ کر حملہ آوروں کو روکا۔ پولیس کو طلب کرنے پر چاروں افراد فرار ہو گئے جبکہ لندن پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
خیال رہے کہ نواز شریف کو پاکستان کی سپریم کورٹ نے اس وقت سیاست میں حصہ لینے سے تاحیات نااہل کر دیا جب وہ تیسری بار وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز تھے۔ ان کی نااہلی کے بعد ان کے خلاف قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے مقدمات چلائے گئے۔
2018 کے عام انتخابات سے چند ہفتے قبل سابق وزیر اعظم کو تین میں سے دو ٹرائل میں جیل اور جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں۔ ایک ٹرائل میں نواز شریف کے ساتھ ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو بھی جیل اور جرمانے کی سزائیں سنائیں۔
اس وقت سابق وزیر اعظم طبعی بنیادوں پر ضمانت حاصل کرنے کے بعد لندن میں مقیم ہیں اور وہاں سے پاکستان میں ہونے والی سیاسی سرگرمیوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے بھرپور شرکت کرتے ہیں۔
عدالتوں نے انھیں مفرور قرار دیا تو حکومت نے ان کے خطابات کو ٹی وی چینلز پر دکھانے پر پابندی عائد کر دی۔