لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اب سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو چھوڑدیں اور وہ تبدیلی لے کر آئیں جس کیلئے ہم نے ووٹ دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے کے پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران بھائی جب وزیراعظم نہیں تھے تب وہ جو بات کرتے تھے ساری قوم کھڑی ہوجاتی تھی اب وہ اپنی چیزوں کی وضاحتیں بہت دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان، زرداری اور نواز شریف کو چھوڑ دیں، ڈھائی سے 3 سال سے ان کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، میں نے جہاں بھی انہیں سنا ہے، وہ کسی بھی چیز کے افتتاح پر جاتے ہیں تو زرداری، نواز شریف کا نام لیتے ہیں، اس چیز کو چھوڑدیں کہ پچھلی حکومتوں نے کیا کیا، آپ کیا کررہے ہیں؟ اللہ نے آپ کو یہ موقع دیا ہے آپ کرکے دکھائیں۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان وہ تبدیلی لے کر آئیں جس کیلئے ہم نے ووٹ دیا تھا، لوگوں کو عمران خان سے بہت امیدیں ہیں مگر انہیں سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا چاہے وہ اپوزیشن ہی کیوں نہ ہو، عمران خان نئے پاکستان کے بجائے پرانے پاکستان کو ٹھیک کرلیں، پرانا پاکستان برا نہیں ہے بس سب کو ساتھ لے کر چلیں، جو اچھا کام کررہا ہے میں ہر اس شخص کے ساتھ ہوں۔
سابق کپتان نے سیاسی جماعت بنانے کے تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کی طرف آنے پر میرا دل مان رہا ہے نہ دماغ، سیاست دانوں کو سیاست کا مطلب پتا ہونا چاہیے، سیاست کا مطلب ہے حقدار کو اس کا حق دینا لیکن یہ سسٹم ایسا بنا ہوا ہے کہ 2 لوگوں سے تبدیل نہیں ہوپائے گا، اسے تبدیل کرنے میں وقت لگے گا، خدانخواستہ میں اس سسٹم میں جا کر خراب نہ ہو جاؤں کیونکہ سسٹم بہت مضبوط ہے اور کافی عرصے سے چلتا ہوا آرہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان کرپٹ نہیں ہیں، وہ ایک اچھے انسان ہیں مگر سسٹم میں پھنس گئے ہیں، یہ کوئی کرکٹ کی ٹیم تو نہیں ہے کہ 16 لڑکے گراؤنڈ میں لے کر گئے اور میچ کھیل لیا، یہ 22 سے 24 کروڑ عوام کی ٹیم ہے، انہیں لے کر چلنا ہے۔
وزیراعظم عمران خان اب نواز شریف، زرداری کو چھوڑ دیں اور تبدیلی لے کر آئیں: شاہد آفریدی
09:34 PM, 21 May, 2021