تحقیقاتی ٹیم نے فٹبالر میرا ڈونا کی موت کا ذمہ دار میڈیکل ٹیم کو قرار دے دیا

09:30 PM, 21 May, 2021

بیونس آئرس ، ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر میراڈونا کی موت کی تحقیقات کرنے والے ماہرین نے نیوروسرجن سمیت میڈیکل ٹیم کے7 ارکان کو اسٹار فٹبالر کی موت کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

پراسیکیوٹر نے ان کا علاج کرنے والی میڈیکل ٹیم کے 7 ارکان پر قتل کا الزام عائد کیا ہے ، ان کا موقف ہے کہ میراڈونا کی جان بچائی جا سکتی تھی لیکن میڈیکل ٹیم نے علاج میں غفلت برتی ۔

اسٹار فٹ بالرکی موت کی تحقیقات کرنے والے ایکسپرٹس کی ٹیم نے میراڈونا کے نیورو سرجن سمیت 7 افراد کوملزم ٹھہرایا ہے۔ 

 تحقیقاتی ٹیم نے نیوروسرجن کے گھر اور  پرائیوٹ کلینک پر چھاپہ بھی مارا جہاں سےکئی شواہد جمع کیے ، انہیں یقین ہےکہ ڈاکٹر کی مجرمانہ غلطی ثابت کرنےکے لیےکافی ثبوت ملے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق میراڈونا کے برین سرجری کے دو ہفتے بعد انہیں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا ،رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ اسٹار فٹ بالرکی زندگی کے خطرے کو نظرانداز کیا گیا اور ان کے آخری دنوں میں مناسب میڈیکل کیئر نہیں کی گئی۔

پراسیکیوٹر کے مطابق میراڈونا کی موت غیر ارادی یا غفلت کے باعث نہیں ہوئی بلکہ ان کی میڈیکل ٹیم جانتی تھی کہ ان کی موت ہوسکتی ہے لیکن پھر بھی انھوں نے میرا ڈونا کو بچانے کی کوشش نہیں کی۔

دیگر 6 افراد جن پر الزام عائد ہے ان میں 2 نرسیں اور دیگر طبی پیشہ ور افراد کے ساتھ میراڈونا کی نفسیاتی ماہ بھی شامل ہیں۔

میراڈونا کی میڈیکل ٹیم کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور اگر وہ قصوروار ٹھہرے تو انھیں 25 سال قید کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے۔

واضح رہےکہ ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر میراڈونا گزشتہ سال نومبر میں انتقال کرگئے تھے۔

مزیدخبریں