پنڈی بھٹیاں کے قریب موٹروے ریسٹ ایریا میں چوری کی واردات، ایک شخص جاں بحق

07:53 PM, 21 May, 2021

لاہور: پنڈی بھٹیاں کے قریب موٹروے ریسٹ ایریا میں نامعلوم مسلح افراد نے چوری کی واردات کے دوران فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں بیکری کا کیشیئر محمد اشفاق جاں بحق ہو گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق پنڈی بھٹیاں کے قریب موٹروے ریسٹ ایریا میں تین مسلح افراد نے ایک نجی بیکری میں واردات کے دوران کیشیئر محمد اشفاق پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور ملزمان چوری کی واردات کر کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قریبی کھیتوں کی طرف فرار ہوگئے ۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقامی پولیس کو بھی اطلاع کی گئی جو کہ موقع پر پہنچ گئی ۔ کیشیئر محمد اشفاق کو شدید زخمی حالت میں فوری طور پر ٹی ایچ کیو (تحصیل ہیڈ کوارٹر) ہسپتال پنڈی بھٹیاں لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا ۔ واقعے کی فوٹیجز اور ثبوت اکٹھے کر لئے گئے ہیں اور مقامی پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش مختلف پہلو سے کی جا رہی ہے اور ایف آئی آر  تھانہ کسیسے ضلع حافظ آباد  میں درج کرلی گئی ہے ۔

ڈی آئی جی موٹروے  اشفاق احمد اور سیکٹر کمانڈر مقصود انجم نے واقعے کی شدید الفاظ میں نہ صرف  مذمت کی ہے بلکہ مقامی پولیس کو ہر قسم کی مدد اور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق ریسٹ ایریا کی سکیورٹی کا انتظام متعلقہ انتظامیہ نے نجی کمپنی کے ذریعے کیا ہوا تھا لیکن واقعے کے روز سکیورٹی گارڈ بنا اطلاع دیئے غیر حاضر تھا۔ 

مزیدخبریں