محمد آصف نے شعیب اختر کو 14 سال پہلے پیش آنے والے کس واقعے پر بات چیت سے روک دیا؟

07:08 PM, 21 May, 2021

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر محمد آصف نے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ 2007ءمیں ہونے والے جھگڑے پر بیان بازی سے روک دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے 2007ءکے میگا ایونٹ کے دوران کسی بات پر زچ ہوکر شعیب اختر نے محمد آصف پر بلے سے حملہ کردیا اور اس جرم کی پاداش میں انہیں وطن واپس بھجوا دیا گیا تھا۔ 
شعیب اختر نے اپنی سوانح عمری میں اس واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ جھگڑے کا سبب شاہد آفریدی بنے تھے جبکہ سابق فاسٹ باؤلر دیگر کئی مواقع پر بھی اس کا ذکر کرتے رہتے ہیں تاہم اب محمد آصف نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق کپتان اور جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ ہنسی مذاق چل رہا تھا اور محمد آصف میرا ساتھ دے رہا تھا کہ اچانک یہ واقعہ پیش آ گیا لیکن شعیب اختر بہت اچھے دل کے مالک ہیں۔ 
سابق فاسٹ باؤلر محمد آصف نے اس حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 13سال سے شعیب اختر نے اس تنازع کو زندہ رکھا ہوا ہے اور اس بارے میں بیان جاری کرتے رہتے ہیں لیکن میں نے ان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے اس معاملے پر خاموش رہنے اور آگے بڑھنے کیلئے کہہ دیا ہے، امید ہے کہ وہ ایسا ہی کریں گے۔ 

مزیدخبریں