لاہور، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، کئی جماعتوں اور تنظیموں کا احتجاج

لاہور، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، کئی جماعتوں اور تنظیموں کا احتجاج
کیپشن: لاہور، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی، کئی جماعتوں اور تنظیموں کا احتجاج
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

لاہور: تحریک انصاف اور جماعت اسلامی سمیت مختلف تنظیموں نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے کیے ہیں۔

پریس کلب لاہور کے باہر پی ٹی آئی نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا تو دوسری طرف منصورہ کے باہر جماعت اسلامی نے اہل فلسطین کے حق میں ریلی نکالی۔ بادشاہی مسجد لاہور کے باہر بھی شہری فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوگئے، جن سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالخبیر آزاد نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔

جمعیت علماء اسلام (ف) کے مولانا امجد کی قیادت کی میں ایبٹ روڈ سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ہال روڈ پر انجمن تاجران کے صدر بابر محمود کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جبکہ مختلف این جی این اوز نے پریس کلب کے باہر اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کیا۔

ادھر لارنس روڈ پر علامہ ابتسام الہٰی ظہیر کی قیادت میں فلسطین کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔ مقررین نے اقوام عالم سے فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی دہشت گردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

ایوان کارکنان تحریک پاکستان نے فلسطینیوں سے یکجہتی کےلیے مظاہرہ کیا۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بڑی تعداد میں کیے گئے مظاہروں اور ریلیوں کے باعث لاہور پریس کلب سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ رہا۔

دوسری طرف ڈیوس روڈ، ایبٹ روڈ، ایمپریس روڈ پر مظاہروں اور ریلیوں کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔