کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کراچی نیو کلیئر پاور پلانٹ یونٹ 2 کا افتتاح کر دیا ، پاور پلانٹ پاکستان اور چین کے اشتراک سے لگایا گیا ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کے ٹو منصوبہ 1100 میگا واٹ بجلی پیدا کرے گا ، کے ٹو منصوبہ کلین انرجی پیدا کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ سے متاثر ہونے والا ملک ہے ۔ گلوبل وارمنگ کے دور میں کے ٹو منصوبہ کسی نعمت سے کم نہیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان کی افرادی قوت ہنر مند ہوگی ۔ نئی ٹیکنالوجی منتقل ہونے سے پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ منا رہے ہیں ، چین کے ساتھ ہمارے تعلقات ہر سطح پر پہنچ چکے ہیں ، چین سے پاکستانیوں کی جذباتی وابستگی پیدا ہو چکی ہے ۔ ہم سمجھتے ہیں چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دے گا ۔ چین سے پاکستان بہت کچھ سیکھ سکتا ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ چینی صدر نے اعلان کیا کہ وہ غربت کے خلاف جنگ جیت چکے ہیں ، چین نے 35 سالوں میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا ، ہم بھی عوام کو غربت سے نکالنا چاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ چین کے صدر نے کرپشن کیخلاف جہاد کیا ، چین میں کرپشن پر 425 بڑے افراد کو سخت سزائیں دی گئیں ۔ چین نے بتایا اوپر ہاتھ ڈالنے سے کرپشن ختم ہوتی ہے اور طاقتور کو قانون کے تابع کرنے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔ پاکستان اور چین کا تعاون بڑھتا رہے گا ۔