پاکستان میں تیار کردہ 3 جدید جے ایف 17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے

پاکستان میں تیار کردہ 3 جدید جے ایف 17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے

اسلام آباد: ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ نے 3 جدید ترین جے ایف 17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کر دیئے ہیں۔

نائیجیریا کے وزیر دفاع میجر جنرل (ریٹائرڈ) بشیر مگاشی کی بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ نائب سربراہ پاک فضائیہ ایئر مارشل سید نعمان علی کو تقریب میں شرکت کے لئے خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس نے کوویڈ 19 وبا سے درپیش چیلنجز کے باوجود طے شدہ شیڈول کے مطابق طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کیے۔

نائیجیرین وزیر دفاع نے اس موقع پر تقریب سے خطان میں کہا کہ سیکیورٹی کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے نائیجیرین فضائیہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے، دو طرفہ تعاون اور شراکت داری کے لئے پاکستان اور پاک فضائیہ کے ممنون ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ سے حاصل کیے گئے جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کی نائیجیرین فضائیہ میں شمولیت پر بے حد خوش اور پرجوش ہیں۔

اس موقع پر خطاب میں ایئر مارشل سید نعمان علی نے کہا کہ تقریب نائیجیریا اور پاکستان کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ دونوں برادر ممالک مضبوط فوجی تعاون اور باہمی اعتماد کی تاریخی وابستگی رکھتے ہیں۔

ایئر مارشل سید نعمان علی نے کہا کہ جے ایف 17 جیسے جدید لڑاکا طیارے کی شمولیت سے نائیجیرین فضائیہ کو حربی فوقیت ملے گی۔ منفرد جنگی صلاحیتوں کے حامل فائٹر طیاروں کی یہ کھیپ نائیجیریا کی فضائی سرحدوں کے دفاع میں ایک مضبوط پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ اور پاکستان ائیرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ مستقبل میں بھی نائیجیرین فضائیہ کی تمام ضروریات کو پورا کرنے میں معاون رہیں گے۔