پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز پانچ جون سے شروع ہونے کا امکان

11:29 AM, 21 May, 2021

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کے شیڈول کا اعلان آج ہو گا ، پاکستان سپر لیگ کے لیے کھلاڑی 23 مئی کو لاہور اور کراچی کے نجی ہوٹل میں رپورٹ کریں گے ، سپر لیگ کے بقیہ میچز پانچ جون سے شروع ہونے کا امکان ہے ۔

پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق کھلاڑیوں کو اسی دوران ہی دوبارہ کووڈ ٹیسٹنگ سمیت ویکسین کی پہلی ڈوز بھی لگائی جائے گی ، کھلاڑی 26 مئی کی صبح ابوظہبی کے لیے روانہ ہو نگے ۔ ابوظہبی میں کھلاڑیوں کو سات روز کے لیے قرنطینہ کیا جائے گا ، سات روز میں کھلاڑیوں کے چار کووڈ ٹیسٹ جبکہ دوران لیگ ہر تیسرے روز ٹیسٹ لیے جائیں گے ، ڈبل ہیڈرز میچز کے دن پہلا میچ شام پانچ بجے جبکہ دوسرا میچ رات دس بجے کھیلا جائے گا ، فائنل بیس جون کو کھیلا جائے گا ۔

اس سلسلے میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل 6 کے باقی میچوں کے انعقاد کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کر لیا گیا ہے ۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ ہم پی ایس ایل کو ابوظہبی میں منعقد کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار اور پرجوش ہیں ۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کے ابتدائی 14 میچ ملک میں کھیلے جا چکے ہیں ، یہ ٹوٹل 34 میچ ہونا تھے لیکن ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے کھیلوں کے مقابلے کو مجبوراً ملتوی کرنا پڑا تھا ۔ اب چونکہ تمام معاملات کو حل کر لیا گیا ہے ، اس لئے پی ایس ایل کے باقی رہ جانے والے 20 میچوں کا انعقاد اب ابوظہبی میں ہوگا ۔

مزیدخبریں