’ہندوتوا نظریے والی مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے‘

’ہندوتوا نظریے والی مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے‘
کیپشن: نو لاکھ بھارتی فوج کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم ڈھا رہی ہے، عمران خان۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہندوتوا نظریے والی مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ سری نگر میں گزشتہ روز قابض بھارتی فوج نے 15 گھروں کو آگ لگا دی، مودی حکومت مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہی ہے جو جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 9 لاکھ بھارتی فوج کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم ڈھا رہی ہے، ہندوتوا نظریے والی مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، بھارت توجہ ہٹانے کےلیے فالس فلیگ آپریشن کرے گا۔

دوسری جانب چیئرمین کشمیرکونسل یورپی یونین علی رضا سید نے کہا کہ بھارتی فورسز کا آپریشن کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں 15 گھروں کو تباہ کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔

علی رضا سید کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام نے کشمیری نوجوانوں کو ہتھیار اٹھانے پر مجبور کیا ہے، ہم بھارتی مظالم کے خلاف عالمی فورمز پرآواز بلند کریں گے۔