کراچی : ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ہیٹ سٹروک سے 65 افراد دنیا سے کوچ کر گئے ۔
فیصل ایدھی نے کہا کہ کورنگی اور سہراب گوٹھ ایدھی سردخانے میں 3 روز کے دوران 114 لاشیں لائی گئیں جن میں سے 65 افراد ہیٹ اسٹروک کے باعث جاں بحق ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر ہیٹ سٹروک کا شکار ہونے والوں کا تعلق لانڈھی اور کورنگی سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہیٹ اسٹروک کے باعث زیادہ تر اموات گھروں میں ہوئیں، گھروں میں مرنے والے افراد کو بروقت ہسپتال نہیں پہنچایا جاسکا جس کے باعث ان کی موت ہوئی، جبکہ ہیٹ اسٹروک سے مرنے والوں کی عمریں 6 سے 78 سال کے درمیان ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے:ای سی پی نے انتخابات کے لیے 25-27 جولائی کی تاریخ تجویز کردی
فیصل ایدھی نے کہا کہ کورنگی ایدھی مردہ خانے میں روزانہ 10 سے 11 میتیں لائی جاتی ہیں، ہفتہ کی شام سے اب تک مردہ خانے میں 34 جبکہ سہراب گوٹھ مردہ خانے میں 30 میتیں وصول کی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ زیادہ افراد کی اموات روز مرہ کے کام کے دوران ہوئیں۔واضح رہے کہ کراچی ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے جہاں پارہ 44 ڈگری کو چھو رہا ہے، جبکہ گرمی کی یہ لہر 23 مئی تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔
گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے کراچی کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’شہر کا موسم چند روز کے دوران گرم سے گرم ترین ہوگا۔‘