اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے نگراں وزیراعظم کے لیے ذکاء اشرف اور جلیل عباس جیلانی کے نام فائنل کرلیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے نگراں وزیراعظم کے لیے تین ناموں پر غور کیا جس کے بعد سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف اور سابق سفیر جلیل عباس جیلانی کے ناموں کو فائنل کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے یہی دونوں نام وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دیے ہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان کی حکومت میں خیبر پختونخوا پولیو کا گھر بن گیا، خواجہ سعدرفیق
آصف زرداری نے ذکاء اشرف اور جلیل عباس کو الگ الگ ٹیلی فون کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ محنت اور ایمانداری کی بنیاد پر ان کے نام نگراں وزیراعظم کے لیے تجویز کیے گئے ہیں۔ آصف زرداری نے امید کا اظہار کیا کہ آپ کی زیر نگرانی انتخابات ہوئے تو کسی کو شکایت نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی مدت پوری ہونے میں 10 روز سے کم مدت رہ گئی ہے اور نگراں وزیر اعظم کے لیے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ کے درمیان کئی ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ریٹرننگ ا فسران کو جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا فیصلہ
یاد رہے کہ ذکاء اشرف اکتوبر 2011 سے فروری 2014 تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 1988 سے 1990 تک ذکاء اشرف وزیراعلیٰ کے مشیر رہے جب کہ وہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔ جلیل عباس جیلانی سابق سفیر ہیں جو کہ امریکا میں بھی تعینات رہے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں