آئندہ دو دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں متوقع ،محکمہ موسمیات

 آئندہ دو دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں بارشیں متوقع ،محکمہ موسمیات

اسلام آباد : آئندہ دو دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے سلسلے کی پیشنگوئی کی گئی ہے جبکہ اتوار کو وفاقی دارالحکومت میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو پنجاب کے مختلف شہروں اور ملک کے دیگرعلاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور شدید گرمی سے ستائے ہوئے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا۔ پنجاب کے مختلف شہروں بالخصوص لاہور میں اتوار کی صبح سے وقفے وقفے سے بارش اور تیز ہواﺅں کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی ہوئی ۔

فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ، چشتیاں، ڈیرہ غازی خان، کھنڈ یارو، کند کوٹ اور ملحقہ علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اوروسطی علاقوں میں مغربی ہواﺅں کی وجہ سے آئندہ دو روز تک ہزارہ ڈویژن، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ملتان، سرگودہا، فیل آباد، ساہیوال، لاہور، گجرانوالہ ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا اورکشمیر میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

دریں اثناءاتوارکی دوپہر وفاقی دارالحکومت میں ہلکی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اوردرجہ حرارت میں کمی آئی جس کے باعث تفریحی مقامات پر شہریوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔