کراچی: پی سی بی کے زیر اہتمام جاری فضل محمود نیشنل کلب کرکٹ چیمپئن شپ کے میچ میں ایک ٹیم نے محض 2.5 اوورز میں 95 رنزبنا کر میچ جیت لیا، اس دوران20 وائیڈز اور3 نو بالز ہوئیں،6 چھکے اور 5 چوکے لگائے گئے۔
گزشتہ دنوں بنگلہ دیش میں ایک میچ کے دوران 4 بالز پر92 رنز بننے کا واقعہ پیش آیا جس میں بولر نے امپائرنگ فیصلوں پر بطور احتجاج ایسا کیا تھا، اب وہ اور دیگر پلیئرز پابندی کا شکار ہو چکے ہیں۔ اسی سے ملتا جلتا ایک میچ گذشتہ روز رحیم یارخان میں ہوا جب ایک ٹیم نے صرف 2.5 اوورز میں 95 رنزبنا کر فتح پالی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی کے زیر اہتمام فضل محمود نیشنل کلب کرکٹ چیمپئن شپ کا مقابلہ اسپورٹس کمپلیکس رحیم یارخان میں ہوا، اس میں شاہریکس کرکٹ کلب پر فتح کیلئے افضال کلب کو مقررہ 50 اوورز میں93 رنز کا ہدف ملا جبکہ حیران کن طور پر صرف 2.5 اوورز میں ہی 95 رنز بننے سے میچ ختم ہو گیا۔
میڈیم پیسر احمد عمار کے پہلے اوور میں29 رنز بنے جس میں9 وائیڈز،2 نو بالز شامل تھیں، اگلے اوور میں آف اسپنر اے ایچ عبداللہ نے تو 33 رنز دے دیے، انھوں نے5 وائیڈز اور ایک نو بال کی، تیسرا اوور آف اسپنر طاہر اکرم کو ملا جنھیں 5 بالز پر28 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی جس سے میچ ختم ہو گیا، انھوں نے 6 وائیڈز کیں، ٹیم نے28 فاضل رنز دیے جس میں20 وائیڈز، 3 نو بالز، 4 بائی اور ایک لیگ بائی کا رن شامل تھا، محمد عمران12بالز پر 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، انھوں نے2 چوکے اور3 چھکے لگائے، ضیا القمر نے8 بالز پر ناقابل شکست33 رنز اسکور کیے، اس میں3 چوکے اور اتنے ہی چھکے شامل رہے۔
واضح رہے کہ اس عجیب و غریب نتیجے پر کرکٹ کے حلقوں میں خاصی حیرت ظاہر کی جاری ہے، بورڈ کے اعلی حلقوں میں بھی اس کا ذکر ہوا