جماعت اسلامی کا ملک بھر میں فلسطینی عوام کے حق میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان

جماعت اسلامی کا ملک بھر میں فلسطینی عوام کے حق میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان

لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی ظلم میں شراکت کے مترادف ہے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

لاہور میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اگر حکومت امریکی حمایت پر خاموش رہی تو آئندہ احتجاج امریکی سفارتخانے کے اندر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اس وقت سعودی عرب میں موجود ہیں، امید ہے کہ وہاں سے امریکا اور اسرائیل کی مذمت میں مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر حکومت کے ساتھ اپوزیشن بھی خاموش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کو امریکا کی مذمت کرنی چاہیے، لیکن یہ سب جماعتیں ٹرمپ کی خوشنودی کے لیے دوڑ میں لگی ہوئی ہیں۔

فلسطینی عوام کے حق میں مزید اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آرمی چیف کو فلسطین کے حق میں بیان دینا چاہیے اور اسلامی دنیا کے فوجی سربراہوں کا اجلاس بلانا چاہیے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فلسطینیوں کے خون کا سودا کیا گیا تو قوم حکمرانوں کو نشانِ عبرت بنا دے گی۔ جماعت اسلامی نے قوم سے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کرتے ہوئے اعلان کیا کہ اہلِ فلسطین کے حق میں بڑے شہروں میں ملین مارچ کیے جائیں گے، قوم تیار رہے۔