بینکوں سے ونڈ فال ٹیکس وصولی کے بعد 34.5 ارب روپے قومی خزانے میں جمع

بینکوں سے ونڈ فال ٹیکس وصولی کے بعد 34.5 ارب روپے قومی خزانے میں جمع

لاہور:  لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں تمام رجسٹرڈ بینکوں کی درخواستوں پر حکم امتناع ختم کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد 34.5 ارب روپے سے زائد کی رقم قومی خزانے میں جمع ہوگئی۔

وزارت قانون وانصاف کے مطابق، بینکوں سے ونڈ فال ٹیکس وصولی کی مد میں 4 ہفتوں میں پنجاب کے 7 بینکوں نے مجموعی طور پر 11 ارب 48 کروڑ 36 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں۔ ان بینکوں میں مسلم کمرشل بینک، الائیڈ بینک، بینک الحبیب، سونیری بینک، بینک آف پنجاب اور ایم سی بی اسلامک بینک شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے میں خصوصی ہدایات جاری کی تھیں، اور کہا تھا کہ یہ پہلی مرتبہ مربوط حکمت عملی کے تحت اس اقدام کا آغاز کیا گیا ہے جس سے اربوں روپے سرکاری خزانے میں آئے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 34.5 ارب روپے کی رقم صحت، تعلیم اور عوامی فلاحی منصوبوں میں استعمال کی جائے گی، اور اس طرح کے اقدامات پاکستان کو خود کفیل بنانے میں مدد فراہم کریں گے۔